ہندستان کی مشہورکلاسیکل گلوکارہ اور پدم وبھوشن ایوارڈ یافتہ کشوری امونکر
کا گزشتہ رات ممبئی میں ان کے گھر پر انتقال ہوگیا ۔ وہ 85 برس کی تھیں۔
جے پور گھرانے سے تعلق رکھنے والی محترمہ امونکر کافی عرصہ سے بیمار تھیں۔
انہوں نے نوعمری سے ہی گائیکی کی شروعات کردی تھی ۔ کلاسیکل گائیگی کی
تعلیم انہوں نے اپنی ماں موگوبائی کردیکر سے حاصل کی تھی اور تقریباً پانچ
دہائیوں سے زائد عرصہ تک سامعین کو اپنی گائیکی سے مسحور کررکھا تھا۔ پدم
بھوشن اور پدم وبھوشن ایوارڈ یافتہ امونکر نے ایک اسکول کے استاد سے شادی
کی تھی ۔ ان کے شوہر کا
انتقال 1992 میں ہوگیا تھا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے معروف گلوکارہ امونکر کی موت پر آج شدید رنج و غم
کا اظہار کیا ہے۔ مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا کشوری امونکر کی موت ہندستانی
کلاسیکی موسیقی کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ان کی موت سے گہرا دکھ
پہنچا ہے۔ بھگوان ان کی روح کو سکون بخشے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ
محترمہ امونکر کی خدمات پر بنائی گئی ایک دستاویزی فلم بھنا شدجا بھی
ٹیگ کی۔ وزیر اعظم نے کہا کلاسیکی طرز خیال، ٹھمری اور بھجن کی
فنکار کشوری امونکر کو طویل عرصہ تک ہندستانی سماج میں معروف گلوکارہ کے
طور پر یاد کیا جائے گا۔